ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل میں موسم باراں شباب پر :عام زندگی مفلوج:کئی جگہوں پر پانی گھروں کے اندر ،مکین پریشان

بھٹکل میں موسم باراں شباب پر :عام زندگی مفلوج:کئی جگہوں پر پانی گھروں کے اندر ،مکین پریشان

Sat, 10 Jun 2017 20:51:27    S.O. News Service

بھٹکل:11/جون (ایس اؤنیوز)رمضان المبارک کے چلتے تعلقہ میں موسم باراں کی باقاعدہ شروعات ہوچکی ہے، بارش اپنی پوری تیز رفتاری کے ساتھ رحمت باراں کو برسا رہی ہے، موسلا دھار بارش کی وجہ سے نشیبی علاقے آب دوز ہوگئے ہیں تو چوتھنی ندی سطح سے اوپر بہتے ہوئے خطرے کی گھنٹی بجارہی ہے اور طغیانی کا خدشہ جتایا جارہاہے۔

گذشتہ 3دنوں سے مسلسل بارش برس رہی ہے، سڑکیں ندیوں کا روپ دھار رہی ہیں تو گڑھے وغیرہ تالاب کی شکل اختیار کرچکے ہیں، راہ گیروں اور سواریوں کی نقل وحمل دشوار  ہوگئی ہے۔ گرما میں چوتھنی ندی کا پانی روک کر زراعتی کاموں کے لئے استعمال کرنےکی غرض سے ندی کے درمیان بڑے بڑے تختے ڈال کر بندھ کی شکل دی گئی تھی ، لگاتار بارش برسنےکے بعد بھی ان تختوں کو نہ نکالے جانے سے بھرپور بہتی ندی کا پانی مزید ابھار لے کر کنارے کے گھروں وغیرہ میں گھسنے کی خبریں موصول ہورہی ہیں، سیکڑوں ایکڑ زرعی زمین پانی میں ڈوب گئی ہے۔ عوام کے طیش کو دیکھتے ہوئے بیدار ہوا آب پاشی کا محکمہ اپنے عملے کے ساتھ ندی کنارے پہنچ کر تختوں کو نکالنےمیں مصروف ہونے سے کنارے کے مکینوں میں کچھ حد تک راحت پائی جارہی ہے۔

بھٹکل بلدیہ حدود کے سونارکیری میں واقع آنگن واڑی مرکز میں اندرونی نالیوں کا پانی گھس گیا ہے، بچوں کو زمین پر بٹھانا ناممکن ہوگیاہے، اندرونی نالیوں کی صفائی میں ہورہی غفلت کےنتیجے میں گندہ پانی جہاں جگہ ملا وہیں گھسنے کی وجہ سے عوام نے پریشانی کا اظہار کیا ہے۔ سمندری ساحل پر لہروں کا طوفانی کھیل زوروں پرہے، وقفہ وقفہ سے چلنے والی طوفانی ہواؤں سے عوام خوف محسوس کررہے ہیں۔ مرڈیشور میں کاری نالےکی درگت جوں کی توں جاری رہنے سے پانی سڑکوں کو نگل گیا ہے ، حالات سے مرڈیشور میں تشویش پائی جارہی ہے، چھوٹا سے بر ج تعمیر کرکے راستے کو اونچا کرنے کا وعدہ پانی میں بہہ جانے سے عوام لعنت وملامت کرتے دیکھے جارہے ہیں ۔


Share: